1 اَب اُس چندے کی بابت جو مُقدّسوں کے لِئے کِیا جاتا ہے جَیسا مَیں نے گلتیہ کی کلِیسیاؤں کو حُکم دِیا وَیسا ہی تُم بھی کرو۔
2 ہفتہ کے پہلے دِن تُم میں سے ہر شَخص اپنی آمدنی کے مُوافِق کُچھ اپنے پاس رکھ چھوڑا کرے تاکہ میرے آنے پر چندے نہ کرنے پڑیں۔
3 اور جب مَیں آؤں گا تو جِنہِیں تُم منظُور کرو گے اُن کو مَیں خط دے کر بھیج دُوں گا کہ تُمہاری خَیرات یروشلِیم کو پہُنچا دیں۔
4 اور اگر میرا بھی جانا مُناسِب ہُؤا تو وہ میرے ساتھ ہی جائیں گے۔
5 اور مَیں مکِدُنیہ ہو کر تُمہارے پاس آؤں گا کِیُونکہ مُجھے مکِدُنیہ ہوکر جانا تو ہے ہی۔
6 مگر رہُوں شاید تُمہارے ہی پاس اور جاڑا بھی تُمہارے ہی پاس کاٹُوں تاکہ جِس طرف مَیں جانا چاہُوں تُم مُجھے اُس طرف روانہ کر دو۔
7 کِیُونکہ مَیں اَب راہ مَیں تُم سے مُلاقات کرنا نہِیں چاہتا بلکہ مُجھے اُمِید ہے کہ خُداوند نے چاہا تو کُچھ عرصہ تُمہارے پاس رہُوں گا۔
8 لیکِن مَیں عِیدِ پنتیکُست تک اِفِسُس میں رہُوں گا۔
9 کِیُونکہ میرے لِئے ایک وسِیع اور کارآمد دروازہ کھُلا ہے اور مُخالِف بہُت سے ہیں۔
10 اگر تِیمُتھِیُس آ جائے تو خیال رکھنا کہ وہ میرے پاس بےخَوف رہے کِیُونکہ وہ میری طرح خُداوند کا کام کرتا ہے۔
11 پَس کوئی اُسے حقِیر نہ جانے بلکہ اُس کو صحیح سَلامت اِس طرف روانہ کرنا کہ میرے پاس آ جائے کِیُونکہ مَیں مُنتظِر ہُوں کہ وہ بھائِیوں سمیت آئے۔
12 اور بھائِی اپُلّوس سے مَیں نے بہُت اِلتماس کِیا کہ تُمہارے پاس بھائِیوں کے ساتھ جائے مگر اِس وقت جانے پر وہ مُطلَق راضی نہ ہُؤا لیکِن جب اُس کو مَوقع مِلے گا تو جائے گا۔